۔ ۹شوال المکرم ۱۳۷۷ھ مطابق ۲۹اپریل ۱۹۵۸ء سہ شنبہ

سن تاسیس

اسیر مالٹا شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی نوراللہ مرقدہٗ

بیادگار

حضرت الحاج مولاناقاری محمد فخرالدین صاحب نوراللہ مرقدہٗ خلیفہ ارشد حضرت شیخ الاسلام نوراللہ مرقدہٗ

وحضرت مولانا ازہر صاحب نوراللہ مرقدہٗ خلیفہ وخادم خاص شیخ الاسلام نوراللہ مرقدہٗ

بانیین مدرسہ

مختصر تعارف

     الحمد للہ مدرسہ حسینیہ ،کڈرو ،رانچی (جھارکھنڈ) نصف صدی سے دین متین کی عظیم خدمات انجام دے رہا ہے ،اس کے فضلاء کی بڑی تعداد ملک وبیرون ملک دینی خدمات انجام دے رہے ہیں ،اس مختصر عرصہ میں اللہ رب العزت نے اسے جو قبولیت عامہ عطا فرمائی ہے وہ حیرت انگیز ہے ،اس پرفتن وپرآشوب دور میں سادے وپرسکون ماحول میں دین کی سربلندی اور قوم وملت کے نونہالوں کی صحیح اسلامی تربیت میں پوری طرح مصروف ہے ۔
مدرسہ کے یہ سارے کام محض اللہ رب العزت کے فضل وکرم اور مخیرین مخلصین اور محسنین کے تعاون سے انجام پارہے ہیں ،امید ہے کہ اہل خیر حضرات ہرطرح کا تعاون فرمائیں گے ،مدرسہ کے دائرہ کار میں روز بر وز وسعت کے ساتھ مصارف میں بھی وسعت ہوتی جارہی ہے ،کچھ تو کاموں کی وجہ سے اور کچھ مہنگائی اور اخراجات کی وجہ سے ضروریات میں بھی زیادتی ہورہی ہے اس صورت حال میں جملہ معاونین ومحبین سے گذارش ہے کہ وہ بھی تعاون میں اضافہ فرمائیں ،ساتھ ہی اپنے حلقہ احباب کو بھی متوجہ فرمائیں اور ہو سکے تو وقت نکال کر مدرسہ تشریف لاکر بچشم خود ملاحظہ فرمائیں ۔ان اللّٰہ لایضیع اجرالمحسنین۔

معائنہ واپیل مشاہیر علمائے کرام

جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسعد مدنی نوراللّٰہ مرقدہٗ سابق امیر شریعت فی الہند وصد ر جمعیۃ علماء ہند ورکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند

بسم اللہ الرحمن الرحیم
راقم الحروف مدرسہ حسینیہ ،حسین آباد (کڈرو)رانچی بارہا جا چکا ہے اور اس کے ارباب انتظام سے بھی بخوبی واقف ہے ۔اس کی بنیاد حضرت مدنی نوراللہ مرقدہٗ(حضرت مولاناسید حسین احمد مدنی ؒ )کے نام پر رکھی گئی ہے اور اس وقت سے برابر نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ہرسال عربی ،فارسی اور درجہ حفظ کے امدادی طلبہ کثیر تعداد میں مقیم رہتے ہیں اس کے کام اور اس علاقہ میں اس کی خدمات کی بنا پر ارباب خیرسے ہرطرح کی امداد کی درخواست کرتا ہوں ۔ان اللّٰہ یجزی المتصدقین ۔
اسعد غفرلہٗ۔۲۱رجب المرجب ۱۳۹۴ھ

حضرت مولانا سیدنظام الدین صاحب دامت برکاتہم امیر شریعت بہارو اڑیسہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ وجنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ

بسم اللہ الرحمن الرحیم
آج ایک عرصہ کے بعد اپنے صوبہ بہار وجھارکھنڈ بلکہ مشرقی ہند کی ممتاز دینی تعلیم گاہ مدرسہ حسینیہ کڈرو ،رانچی میں حاضر ہونے کا موقعہ ملا ،اس سے پہلے متعدد بار حاضری ہوچکی ہے ،الحمد للہ ہربار مدرسہ کو ترقی کی نئی شاہراہ پر دیکھتا ہوں ،مدرسہ کے تعلیمی نظام میں حفظ وتجوید کے علاوہ درجہ عربی میں ششم تک تعلیم ہوتی ہے ،طلبہ جو مدرسہ میں قیام پذیر ہیں اور جن کی کفالت مدرسہ کرتا ہے ان کی تعداد ایک ہزار ہے ،مدرسہ میں عمدہ تعلیم کے ساتھ تربیت کا اچھا نظم ہے ،یہاں ایک عجیب ایمانی اور روحانی فضا دیکھنے کو ملتی ہے ،یہ مدرسہ شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی نوراللہ مرقدہٗ کی یاد گار ہے اور اس مدرسہ کے بانی وروحِ رواں حضرت شیخ کے شاگرد اور مجاز حضرت مولانا ازہر صاحب ہیں ،جن کی مسلسل مخلصانہ جد وجہد سے یہ مدرسہ اکابر واسلاف کے طریقہ پر کتاب وسنت کی تعلیم دے رہا ہے ۔
اہل خیر مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ اس مدرسہ کی ترقی اور استحکام میں پورا تعاون دیں ،میری دعا ہے کہ حق تعالیٰ اس مدرسہ کو ترقی کے اعلیٰ مدارج تک پہنچائے ،اساتذۂ کرام سب ہی باصلاحیت ہیں ،طلبہ کا لباس اور ان کی وضع قطع بھی اسلامی ہے ،ان شاء اللہ اس مدرسہ سے داعیانہ کردار اور عالمانہ وقار رکھنے والے علماء پیدا ہوں گے ۔ نظام الدین ‘۔ ۱۹محرم الحرام ۱۴۲۹ھ مطابق ۲۸جنوری۲۰۰۸ء

حضرت مولانا قاری محمدصدیق احمد صاحب باندوی نوراللّٰہ مرقدہٗ سابق مہتمم جامعہ عربیہ ہتھورا باندہ ورکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند

بسم اللہ الرحمن الرحیم
حامداًومصلیاً ومسلما!
عرصہ سے مدرسہ حسینیہ رانچی کی شہرت سن رہا تھا باوجود اشتیاق کے حاضری میں تاخیر ہوتی رہی جس میں اپنی مشغولی کو دخل ہے ،الحمد للہ آج بتاریخ ۲۹شوال ۱۴۱۰ ھ کو حاضری کی سعادت حاصل ہوئی ۔طلبہ اور مدرسین کے سامنے کچھ مختصر بات کرنے کی بھی توفیق ہوئی مدرسہ کے حالات کا علم ہوا ،مدارس دینیہ کا اصل سرمایہ اخلاص ہے تمام ترقیات کی بنیاد یہی ہے اس مدرسہ میں وہ روح بھی دیکھنے میں آئی ۔اللہ پاک ادارے کو ہراعتبار سے ترقی عطافرمائے ،حضرت مولانا ازہر صاحب سے ملاقات نہ ہونے کا افسوس ہے ،انشاء اللہ اس کی بھی تلافی ہوجائے گی ۔
محمد صدیق عفی عنہٗ
خادم جامعہ عربیہ ،ہتھورا ،باندہ
۔۲۹شوال ۱۴۱۰ ھ

حضرت مولانا سید منت اللّٰہ رحمانی صاحب نوراللّٰہ مرقدہٗ امیر شریعت رابع بہار واڑیسہ پھلواری شریف پٹنہ وجنرل سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ

بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ وکفیٰ وسلام علی عبادہ الذین اصطفیٰ اما بعد !
مدرسہ حسینیہ کڈرو کا نام پہلے بھی سنا تھا، حاضری کا موقع آج ملا ۔الحمد للہ جیسا سنا تھا اس سے زیادہ پایا ،دینی مدارس جہا ں بھی ہیں وہ ہر مسلمان کے لئے نہایت قیمتی اور قابل قدر ہیں ۔اس مدرسہ میں متوسطات تک کی تعلیم ہوتی ہے ۔اللہ تعالیٰ مدرسہ کو ترقی دے اور اس کے ذریعہ دین کے علم کوپھیلائے ۔ منت اللہ غفرلہ

۔۱۵ستمبر ۱۹۸۵ء

حضرت مولانا اخلاق حسین صاحب قاسمی ناظم جمعیۃ علماء ہند

بسم اللہ الرحمن الرحیم
سیرت پاک کے اجتماع میں شرکت کے لئے رانچی آنا ہوا اور اپنے بزرگوں کی اس عظیم دینی وروحانی یادگار کے معائنہ سے آنکھیں ٹھنڈی کرنے کا موقع ملا ،ہندوستان میں انہی دینی مدارس سے مسلمانان ہند کا مستقبل روشن ہے ،اس علاقے میں یہ مدرسہ ’’مدرسہ حسینیہ ‘‘دینی نظام تعلیم کی نہایت وقیع خدمت انجام دے رہا ہے ،مدرسہ کی عمارت ،تعلیمی نظام اور انتظامی حالت قابل رشک ہے ۔ خداوند قدوس اس مدرسہ کو سارے علاقہ کے لئے مرکزی درسگاہ بنادے ۔اصحابِ خیر کا اس میں تعاون نہایت مفید اور کامیاب ہے ۔
اخلا ق حسین قاسمی دہلوی
ناظم جمعیۃ علماء ہند
۔۲۶مارچ ۱۹۷۵ء